نئی دہلی، 22 فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)کانگریس صدر راہل گاندھی نے پلوامہ دہشت گردانہ حملے والے دن وزیر اعظم نریندر مودی کے ایک چینل کے لئے فلم کی شوٹنگ کرنے سے متعلق خبروں کو لے کر جمعہ کو ان پر حملہ بولا اور الزام لگایا کہ جب شہیدوں کے گھر دردکے دریا کا سیلاب تھا تو پرائم ٹائم منسٹر 'ہنستے ہوئے دریا میں شوٹنگ کر رہے تھے۔
گاندھی نے وزیر اعظم کی شوٹنگ سے منسلک تصویر ٹویٹر پر اشتراک کرتے ہوئے کہا کہ پلوامہ میں 40 سے زائد جوانوں کی شہادت کی خبر کے تین گھنٹے بعد بھی ’پرائم ٹائم منسٹر‘ فلم شوٹنگ کرتے رہے۔ ملک کے عوام کے دل اور شہیدوں کے گھروں میں درد کا دریا امڑا تھا اور وہ ہنستے ہوئے دریا میں شوٹنگ میں مصروف تھے ۔ اس سے پہلے جمعرات کو کانگریس کے ترجمان سرجے والا نے الزام لگایا کہ جب ملک اس حملے کی وجہ صدمے میں تھا تو اس وقت مودی کا ربیٹ پارک میں ایک چینل کے لئے فلم کی شوٹنگ کر رہے تھے۔ انہوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ وزیر اعظم اپنے اقتدار کو بچانے کے لئے جوانوں کی شہادت اور ’راج دھرم‘ بھول گئے۔ سرجے والا نے کہا کہ حملہ 14 فروری دن میں تقریبا تین بجے ہوئے اور وزیر اعظم قریب سات بجے تک شوٹنگ اور چائے ناشتے میں مصروف تھے۔